• news

سندھ اور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی:منظور وٹو

لاہور (خبر نگار) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ سندھ اور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی ، انتخابات میں وسیع پیمانے پر دھاندلی کی گئی تاہم پیپلز پارٹی نے جمہوری استحکام کے لئے نتائج کو تسلیم کیا ۔پارٹی اجلاس کے بعد بلاول ہاﺅس لاہورکے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ صدر نے پارٹی رہنماﺅں ، کارکنوں اور پنجاب سے ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ انتخابی شکست کے عوامل پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا جبکہ نئے عزم سے پارٹی کو فعال و متحرک کرنے ، بلدیاتی انتخابات اور دیگر اہم امور پر بھی مشاورت کی گئی ۔بعد ازاں پارٹی وفود سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پےپلز پارٹی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دے گی ۔صوبوں کے درمیان نفرتوں کو ختم کر دےں گے ۔ اپنے دور حکومت میں جو کچھ عوام کے لئے کر سکتے تھے کیا ہے اب عنقریب وہ دور آئیگا کہ لوگ پیپلز پارٹی کی حکومت کو اچھے الفاظ میں یاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کامیابی کے فورا" بعد ہی عوام کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا تحفہ دےدیا ہے اور کرسی سنبھالنے کے بعد اس بات کو نگران حکومت کے کھاتے میں ڈال دیا جائے گا۔ بین الاقوامی طاقتیں خطے میں کچھ کرنا چاہتی ہیں اسی لئے انہوں نے اپنے کردار خیبرپی کے اور وفاق میں بٹھا دئیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ ، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں پیپلز پارٹی کو بھرپور عوامی مینڈیٹ حاصل ہے، یہ بات طے ہے کہ پیپلز پارٹی اب بھی عوام کی مقبول اور واحد وفاقی پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی اپوزیشن میں بھی اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کرے گی ۔

ای پیپر-دی نیشن