اپنی مدد آپ کے تحت معاشرے کی اصلاح کی جائے: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ
پشاور (آئی این پی) چیف جسٹس پشاور ہائی کور ٹ جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ سماجی شعبے میں خدمات کی انجام دہی کسی بھی معاشرے کی فلاح میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنی مدد آپ کے تحت معاشرے کی اصلاح کی جائے اور اس سلسلے میں کھیلوں کی ترقی و فروغ لائق ستائش ہے۔ وہ پیر کو اپنے چیمبر میں ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ جس نے مسز ملک سعد خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں سید علی نواز گیلانی‘ امجد عزیز ملک‘ ارشاد احمد اور نسیم جاوید مفتی شامل تھے۔ چیف جسٹس دوست محمد خان نے ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کے لئے بنوں کے ایک ممتاز فوٹو گرافر کے فن پارے مسز سعد خان کو دئیے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ ملک سعد ٹرسٹ صوبے میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کام کر رہا ہے اور کم عمر کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے قیام امن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے خیبر پی کے پولیس کے افسروں‘ جوانوں اور عوام کو بھی خراج تھسین پیش کیا۔ چیف جسٹس نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ جلد ہی ملک سعد میموریل سپورٹس ٹرسٹ کے مرکزی دفتر کا دورہ کریں گے۔