• news

سابق دور میں ہونے والی لوٹ کھسوٹ کی مثال نہیں ملتی: سردار ایاز صادق

لاہور (خصوصی رپورٹر) حلقہ 122 سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ سابق دور میں ہونے والی لوٹ کھسوٹ کی کہیں مثال نہیں ملتی، عوام نے ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ ن پر اعتماد کرکے اسے پاکستان کی حکومت کرنے کا موقع دیا ہے۔ ہمارے لئے حکومت پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کا تاج ہے لیکن مسلم لیگ ن ہر چیلنج کوکامیابی سے مکمل کرے گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ شب میاں میر گاﺅں میں مسلم لیگ ن کے کارکن کرنل (ر) مبشر کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ نےعوام کا جینا محال کردیا ہے۔ ہماری حکومت لوڈشیڈنگ سمیت دوسرے اہم مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائے گی۔ نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی محسن لطیف نے کہا کہ ملک بھر میں کلین سویپ کرنے کا دعویٰ کرنے والی جماعت خود کلین سویپ ہوگئی ہے۔ عشائیہ میں ایم این اے ملک پرویز اور خواجہ حسان سمیت میاں میر گاﺅں کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن