گرمی کی شدت سے سکول جانے والے بچوں کی بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا: ڈاکٹر ناصر رانا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) گرمی کی شدت کے باعث سکولوں میں جانے والے بچوں کی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ ڈاکٹر ناصر رانا سیکرٹری جنرل پاکستان پیڈیاٹرکس ایسوسی ایشن نے اپنے جاری کردہ بیان میں والدین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت سے بچانے کے لئے سکولوں میں بھجوانے سے گریز کریں خصوصا پلے گروپ سے لیکر تیسری جماعت کے زیادہ بچے متاثر ہورہے ہیں۔اس وقت چلدرن ہسپتال کے اندر سب سے زیادہ ایسے بچے آرہے ہیں جن کو گرمی کے باعث ڈائریا اور لو لگ چکی ہو جبکہ خسرہ کا مرض تاحال موجود ہونے کی وجہ سے بچوں کی قوت مدافعت بہت کم ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل چکن پوکس(لاکڑا کاکڑا) کی بیماری بھی عام ہورہی ہے۔ میری پنجاب گورنمنٹ سے اپیل ہے کہ درجہ حرارت45ڈگری سینٹی گریڈ ہونے کے فوراً بعد ہی سرکاری و نجی سکولز کو گرمیوں کی چھٹیاں کروا دینا ضروری ہے۔