• news

کراچی میں فائرنگ، تھانیدار سمیت 6 ہلاک، چینی باشندوں کی ویگن کو اڑانے کی کوشش

کراچی (کرائم رپورٹر+این این آئی) کراچی میں فائرنگ اور دیگر واقعات میں تھانیدار سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لیبر سکوائر فلپس چورنگی کے قریب سٹیج ڈانسر 30 سالہ انعم ناز اور سب انسپکٹر 45 سالہ ملک اعجاز کو نامعلوم افراد نے گولیوں سے چھلنی کرنے کے بعد نعشیں جلا ڈالیں۔ پولیس قتل کا شبہ انعم ناز کے شوہر پر ظاہر کر رہی ہے۔ منگھو پیر کے علاقے کنواری کالونی میں بہادر خان نامی شخص نے فائرنگ کرکے اپنی بہن 20 سالہ ثنا اور بہنوئی احمد شاہ کو قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔ میاں بیوی سوات کے رہنے والے تھے اور 5 ماہ قبل دونوں نے پسند کی شادی کی تھی جس کا ثنا کے بھائی کو رنج تھا منگھو پیر میں ہمدرد یونیورسٹی کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی ہاتھ پاﺅں بندھی نعش ملی جو حلیئے سے بلوچ لگتا ہے۔ اسے سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے بلوچستان کے کسی شہر سے اغوا کرکے قتل اور نعش کراچی کی حدود میں پھینک دی گئی ادھر محمود آباد کے علاقے اختر کالونی میں شادی شدہ عورت 60 سالہ زینت کو گلا گھونٹ کر ہلاک کر دیا گیا شبہ ہے کہ خاتون کو اس کے نشئی بیٹے نے پیسے نہ دینے پر قتل کیا کٹی پہاڑی کے قریب سرائیکی محلہ میں 35 سالہ امتیاز نے زہر کھاکر خودکشی کرلی۔ ادھر شیریں جناح کالونی میں سڑک کنارے ایک گلے میں نصب بارودی مواد کا ڈیٹونیٹر پھٹ گیا تاہم بارودی مواد نہ پھٹ سکا جسے بعد میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا بتایا گیا ہے جس وقت ڈیٹونیٹر پھٹا وہاں سے 11 چینی باشندوں کو لے کر ایک ویگن گزر رہی تھی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں قائد آباد میں کباڑی کی دکان سے 14 بم برآمد کر لئے گئے۔ پولیس کے مطابق قبضے میں لیے گئے بم ”کورین سموک بم“ہیں۔ کورین سموک بم دھماکا ہوتے ہی شدید آگ لگاتا ہے اور انسانی جسموں کو جھلسا دیتا ہے۔ پولیس کے مطابق ان کورین سموک بموں کا راز کھلا اس وقت جب لانڈھی قائدآباد کے علاقے لالا آباد میں کباڑی کی دکان پر زوردار دھماکا ہوا، جس سے دکان کا مالک منیر شاہ زخمی ہوگیا۔ پولیس اور بم ڈسپوذل سکواڈ نے دھماکے کی جگہ پہنچ کر دکان سے مزید 14 کورین سموک بم برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن