چیئرمین پی سی بی نے فاٹا کو ریجن کا درجہ دے کر مطالبہ پورا کر دیا : اقبال حسین
لاہور (سپورٹس رپورٹر) فاٹا ریجن انٹیرم کمیٹی کے چیئرمین اقبال حسین نے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاءاشرف نے فاٹا کو ریجن کا درجہ دے کر فاٹا کے کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کادرینہ مطالبہ پورا کیا ہے جس پر ان کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے کم ہے امید کرتے ہیں کہ چیئرمین پی سی بی فاٹا میں انٹرنیشنل معیار کے میدانوں اور اکیڈمی کی سہولت فراہم کرکے فاٹا کے کھلاڑیوں اور شائقین کوایک بار پھر شکریہ کا موقع دیں گے ۔ اپنے ایک بیان میں اقبال حسین نے کہا کہ فاٹا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ملتان میں منعقدہ تھری ریجن کرکٹ ٹورنامنٹ فاٹا کے نام ہونا اس کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں موجود گریڈ ٹو، انڈر 16 اور انڈر 19 لڑکوں کی صلاحیتوں کو ماہر کوچز کی مدد سے مزید نکھار کر ملک کے لیے بڑے کھلاڑی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔چیئرمین انٹیرم کمیٹی فاٹا نے کہا کہ فاٹا میں صرف ایک دوجگہ حالات معمولی خراب ہیں باقی تمام ریجن میں کھلاڑیوں کو کھیلنے کی آزادی ہے چیئرمین ذکاءاشرف خود فاٹا ریجن کا دورہ کرکے آئے ہیں اور ریجن کا درجہ دے دیا گیا۔ آخر میں ایک بار پھر اقبال حسین نے چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا ریجن ہمیشہ پاکستان کرکٹ کی بہتری میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گا اور ہر مشکل گھڑی میں چیئرمین پی سی بی کے ساتھ کھڑا ہوگا۔