سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر، سیکرٹری کل ہائیکورٹ طلب
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے اسامہ قادری اور مدثر آرائیں کو کل 23 مئی کو تمام ریکارڈ سمیت عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل احمد علی راجپوت کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ کے ناظرکی زیرنگرانی سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات منعقد ہوئے تھے جنہیں 8 مارچ کو عدالت عالیہ نے درست قرار دیتے ہوئے اسکے نتائج کا اعلان کیا۔ ان انتخابات میں صرف 12 ووٹ لے کر شکست سے دوچار ہونے والے گروپ نے ایک ماہ بعد 7 اپریل 2013ءکو جعلی افراد کی مدد سے سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کا نام استعمال کرتے ہوئے جعلی تنظیم بنا ڈالی جس کے صدر اسامہ قادری اور سیکرٹری جنرل مدثر آرائیں بن بیٹھے۔ درخواست میں عدالت سے اپیل کی گئی کہ ان افرادکوسندھ اولمپک ایسو سی ایشن کا نام‘ کھیلوں کی سرگرمیاں‘ ایس او اے کے نام پر کوئی اجلاس بلانے‘ بنک اکاﺅنٹ کھولنے‘ سندھ اولمپک کا لیٹر ہیڈ اور اولمپک رنگزکے استعمال کرنے اور آفس قائم کرنے سے روکا جائے۔ عدالت نے احمد علی راجپوت کی اس پٹیشن پر اسامہ قادری اورمدثر آرائیں سمیت تمام فریقین کو عدالت میں طلبی کے نوٹس جاری کر دئیے۔