• news

بینظیر قتل کیس کے اہم گواہ اور امریکی صحافی مارک سیگل نے پاکستان آنے سے معذرت کر لی

راولپنڈی (آئی این پی) سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو قتل کیس میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر نے تصدیق کی ہے کہ کیس کے اہم گواہ اور امریکی صحافی مارک سیگل نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں پاکستان آنے سے معذرت کر لی ہے۔ مارک سیگل نے کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو وہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بیان ریکارڈ کروائیں گے۔ منگل کو عدالت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر نے مارک سیگل کے پاکستان نہ آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہا کہ بے نظیر قتل کیس کے گواہ امریکی صحافی مارک سیگل نے بطورگواہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں بیان دینے کیلئے پاکستان آنے سے معذوری ظاہر کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سابق پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار علی کے قتل کے بعد مارک سیگل کیسے پاکستان آسکتے ہیں ہم ان کا بیان وڈیوکانفرنس کے ذریعے ریکارڈکرائیں گے۔انھوں نے بتایا مارک سیگل نے اس کیس میں بیان دینے پر باقاعدہ رضا مندی ظاہرکر دی ہے مگر ان کا موقف ہے کہ پاکستان میں دہشتگردوں سے خطرات ہیں اس لئے مارک سیگل پاکستان نہیں آئیں گے مگر ویڈیوکانفرنس کے ذریعے کسی بھی ملک سے بیان دینے کیلئے تیار ہیں، یہ اجازت ہم عدالت سے حاصل کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن