دنیا میں مسلمانوں‘ یہودیوں کیخلاف تعصب بڑھ رہا ہے: امریکی رپورٹ‘ امریکہ کا اپنا ریکارڈ بھی مثالی نہیں: کیری
واشنگٹن (آن لائن+اے ایف پی) امریکی محکمہ خارجہ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں یہودیوں اور مسلمانوں کے خلاف تعصب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یورپ اور ایشیا میں اسلام مخالف جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے منفی رویے کے خاتمے کے لئے آئرا فورمین کو خصوصی ایلچی مقرر کیا ہے۔جان کیری کے مطابق امریکہ کا اپنا ریکارڈ بھی کوئی مثالی نہیں ہے لیکن مذہبی آزادی ایک عالمی خوبی ہے۔ کسی کا اپنے عقیدے کے بارے میں کھل کا اعلان کرنا اور اس پر عمل کرنے کی آزادی، یقین کرنا یا نہ کرنا، کسی کا اپنے عقیدے کو تبدیل کرنا ہر انسان کا پیدائشی حق ہے۔ وزیر خارجہ جان کیری کے مطابق توہین مذہب کے قوانین میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس میں اکثر اوقات اختلاف رائے رکھنے والوں کو دبایا جاتا ہے یا ان قوانین کو ذاتی دشمنی میں استعمال کیا جاتا ہے۔رپورٹ ”بین الاقوامی مذہبی آزادی“ کے بارے جاری کی گئی ہے اور اس میں مصر کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہاں میڈیا میں منفی جذبات جس میں بعض اوقات ہولو کاسٹ کی نفی یا ہیرو کے طور پر پیش کرنے جیسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بیلجیئم کا ذکر بھی کیا گیا ہے جہاں مسلمانوں کو نئی پابندیوں کا سامنا ہے اس میں کلاس رومز میں نقاب پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔بھارت کے شہر منگلور کے سکولوں میں سکارف لینے پر پابندی لگائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔اس کے علاوہ برما میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد اور تعصب کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں شیعہ اور قادیانیوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سعودی عرب اور بحرین میں سنی مسلمانوں کے علاوہ دیگر مسلمانوں کو تعصب کا سامنا ہے جبکہ ایران میں سنی مسلمانوں کو ہراساں اور گرفتار کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں پاکستان میں ذہنی طور پر مفلوج ایک عیسائی لڑکی کا ذکر کیا گیا ہے جس کو توہین مذہب کے الزام میں تقریباً ایک ماہ تک قید رکھا گیا اور اس کے بعد اندرونی اور بیرونی مذمت کے بعد رہا کر دیا۔