• news

انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف اہلسنت والجماعت کے لاہور، جھنگ، کوئٹہ میں دھرنے

لاہور (خصوصی رپورٹ + نامہ نگاران) اہلسنت والجماعت کے کارکنوں نے مبینہ انتخابی دھادلیوں کے خلاف گذشتہ روز بھی لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں مظاہرے کئے اور دھرنے دئیے۔ لاہور میں پریس کلب کے سامنے اہلسنت والجماعت کے کارکنوں نے ا نتخابات میں دھاندلیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الیکشن کمشن اور حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس نے بیریئر لگا کر اہلسنت والجماعت کے کارکنوں کو تحریک انصاف کے مظاہرے سے دور رکھا۔ دریں اثناءجھنگ سے نامہ نگار کے مطابق حلقہ این اے 89 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78 انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کچہری چوک میں اہلسنت والجماعت کے کارکنوں، رہنما¶ں کا دھرنا منگل کو دوسرے روز بھی جاری رہا۔ دھرنے کے باعث شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ دینی محاذ کے رہنما مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ عوام کی طرف سے انہیں دیا گیا مینڈیٹ مخالفین نے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کی ساز باز سے چرایا جبکہ دوبارہ گنتی ان کا قانونی، آئینی، جمہوری حق ہے جسے جانبدار ریٹرننگ آفیسر نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا لہٰذا ووٹوں کی فوج کی نگرانی میں دوبارہ گنتی تک احتجاجی دھرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ریٹرننگ افسران کے خلاف پارٹی بن چکے ہیں جن سے انصاف کی کوئی توقع نہیں۔ مولانا لدھیانوی نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے ان کے تمام جائز اعتراضات بھی سننے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور ری چیکنگ کا حق نہ دیا گیا تو وہ نہ صرف احتجاجی دھرنا جاری رکھیں گے بلکہ اس احتجاج کو ملک بھر میں پھیلاتے ہوئے تمام اہم شاہراہوںکو بند کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور صوبائی الیکشن کمشنر فوری طور پر حلقہ این اے 89 اور پی پی 78 کا بیلٹ پیپرز کا ریکارڈ قبضہ میں لیں اور نادرا سے ووٹر سلپ پر لگائے گئے جعلی انگوٹھوں کی تصدیق کروائی جائے۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق اہلسنت والجماعت کا انتخابات میں دھاندلی کے خلاف دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اہلسنت والجماعت کے ضلعی سربراہ قاری عبدالولی فاروقی، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالکبیر شاکر، مفتی شکراللہ معاویہ و دیگر نے منصوبے کے تحت انتخابات میں دھاندلی کر کے اہلسنت والجماعت کے امیدواروں کی کامیابی کو ناکامی میں تبدیل کرنے کی کوششیں کی گئیں جسے جماعت اور عوام اہلسنت کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ جماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے حلقہ این اے 89 اور پی پی 78 میں بھرپور کامیابی حاصل کی مگر مفاد پرست عناصر کی جانب سے دھاندلی کے ذریعے انہیں ناکام ظاہر کیا گیا جبکہ بلوچستان میں بھی ریکارڈ دھاندلی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پنجاب حکومت اور انتظامیہ اپنی روش تبدیل نہیں کرتی اور انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف اقدامات کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہیں کی جاتی ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔ اس موقع پر کارکنوں نے الیکشن کمشن اور انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

ای پیپر-دی نیشن