• news

امریکہ: طوفان سے زبردست تباہی ‘21 بچوں سمیت 100 سے زائد ہلاک‘ سینکڑوں زخمی‘ ہزاروں گھر تباہ

واشنگٹن ( نمائندہ خصوصی+آن لائن+اے ایف پی+نوائے وقت نیوز) امریکی ریاست اوکلاہوما سے خوفناک طوفان گزر گیا۔ جس سے اوکلاہوما سٹی میں طوفان سے بیس بچو ں سمیت 100 سے زائد افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی جبکہ ہزاروں گھر اور دو سکو ل تباہ ہو گئے ہیں۔ سکول کے 20 تا 30 بچے اب بھی لاپتہ ہیں، صدر اوباما نے علاقہ کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایات جار ی کر دی ہیں۔طوفان کی وجہ سے کالے اور گہرے بادل ریاست پر چھائے ہوئے ہیں جبکہ 200 کلو میڑ فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ بگولہ ایک میل چوڑا تھا اور بگولے کے ساتھ ہوا کی رفتار 361 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ امریکی محکمہ موسمیات نے ریاست میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ امریکی شہروں کانساز، نیبراسکا اور اوکلاہاما میں پہلے ہی لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنےکی تاکید کی گئی ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات نے لوگوں کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ طوفان کی وجہ سے ان شہروں میں بڑی تعداد میں گاڑیاں، دکانیں اور کئی گھر تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔ بگولے کے زد میں آ کر دو سکول اور ایک باو¿لنگ کلب ملیامیٹ ہو گئے ہیں اور سینکڑوں گاڑیاں اور ٹرک تباہ ہو گئے ہیں۔ سکول کے 20 تا 30 بچے اب بھی لاپتہ ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ریڈیو سٹیشن بھی بگولے کی لپیٹ میں آیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق سکول میں بچے پھنسے ہوئے ہیں اور ان کو ملبے سے باہر نکالنے کے لئے امدادی آپریشن جاری ہے تاہم کسی بچے کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔امدادی کارکن متاثرہ علاقے میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ اوکلاہاما کی گورنر میری فیلن نے کہا کہ یہ ایک المناک دن ہے اور ان والدین کے لئے ’ہمارے دل ٹوٹے ہوئے ہیں جو اپنے بچوں کو تلاش کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ صدر اوباما نے فون کر کے مدد کی پیش کش کی ہے۔ اوکلاہاما سے کانگریس کے ممبر ٹام کول نے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی صورتحال سے نکلنے میں کچھ مدت لگے گی۔ اوکلاہاما میں بگولے سے تباہی کے بعد اب تک ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہیں جبکہ ریاست کی گورنر نے سولہ کاو¿نٹیز میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی تھی تاکہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی کا عمل شروع ہو سکے۔امریکہ میں ایک طوفان ریاست ٹیکساس سے مِنیسوٹا تک پھیل رہا ہے اس کے نتیجے میں ریاست آئیوا اور کینسس میں بھی بگولے، طوفانی ہوا اور ژالہ باری ہوئی ہے۔ طوفان کے نتیجے میں کئی عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں بدل گئیں، 200 میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواو¿ں نے سینکڑوں گاڑیوں کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا۔ طوفان سے گیس کی پائپ لائنیں پھٹ گئیں جس کی وجہ سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی ہے۔ ریسکیو اہلکار ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کر رہے ہیں اور نیشنل گارڈز کو بھی امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے کے لئے کہا گیا۔ محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ابھی اس طرح کے مزید بگولے بن سکتے ہیں جن سے مزید تباہی پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ جبکہحکومت اور پاکستانی عوام نے امریکی ریاست اوکلاہاما میں سمندری طوفان سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ پاکستانی عوام اس مشکل گھڑی میں اوکلاہاما کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن