طالبان کیساتھ مذاکرات نئی پاکستانی حکومت کی صوابدید ہے : امریکی سفیر
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + ثناءنیوز + آئی این پی) پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات پاکستان کی نئی حکومت کی صوابدید ہے ان کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی شرائط کو دیکھ کر اپنے ردعمل کو ظاہر کریں گے۔ پاکستان کے انتخابات میں جمہوریت پسندوں کو فتح اور اس کے مخالفین کو شکست ہوئی جمہوری نظام کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ امریکی سفیر نے پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پی کے حکومت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وہ ایوان صدر میں چینی وزیراعظم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا انتخابات انتہائی اہم تھے ٹرن آﺅٹ انتہائی اچھا رہا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پاکستان کے پرامن انتقال اقتدار کو بھی پاکستان کے جمہوری اداروں کے لئے اہم قرار دیا انہوں نے کہا کہ امریکہ نئی حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔ علاوہ ازیں آئی این پی کے مطابق چینی وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر امریکی سفیر اور آرمی چیف کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلائ‘ طالبان سے مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ رچرڈ اولسن اور اشفاق پرویز کیانی نے ایک کونے میں کھڑے ہو کر کئی منٹ تک بات چیت کی۔ ذرائع کے مطابق خطے کی صورتحال اور خاص طور پر طالبان سے مذاکرات کے معاملہ پر بات چیت ہوئی۔ امریکی سفیر نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے نواز شریف کے حالیہ بیان پر بھی بات کی۔