ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ کا فیصلہ زرداری کرینگے: سراج درانی
کراچی (ثناءنیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ نیا وزیراعلیٰ سندھ پیپلزپارٹی سے ہی ہوگا اور جس کی تقرری کا فیصلہ صدر زرداری اور بلاول بھٹو کریںگے ۔ ا یم کیو ایم سے ہمارے تعلقات خوشگوار ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں حکومت سازی میں دوبارہ ایم کیو ایم شامل ہو۔ وہ بدھ کو پیپلزپارٹی میڈیا سیل میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ میں لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 1979کے تحت بلدیاتی نظام قائم ہے۔ اگر اس بلدیاتی نظام پر تمام جماعتوں کو اتفاق ہے تو پیپلزپارٹی سندھ میں حکومت قائم کرنے کے بعد 6ماہ میں بلدیاتی انتخابات کرادے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں وزیراعلیٰ کے حوالے سے میڈیا ازخود نام پیش کررہا ہے تاہم اب تک نئے وزیر اعلیٰ کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔