غیر قانونی ترقیاں،سندھ پولیس کے 1600 سے زائد اہلکاروں کی تنزلی
کراچی(آئی این پی) آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ کی ہدایت پر6 رکنی کمیٹی نے مکمل تحقیقات کی رپورٹ پر سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی اختر حسین گورچانی اور غلام شبیر شیخ کے دور میں غیر قانونی طور پر ترقیاں پانے والے1600سے زائد اہلکاروں کی تنزلی کردی گئی۔یہ فیصلہ ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر ثنا اللہ عباسی ، ڈی آئی جی سپیشل برانچ شاہد حیات،ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادرتھیبو سمیت6رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے کیا۔ اہلکاروں سے مبینہ طور پرڈیڑھ سے5 لاکھ روپے تک رشوت لینے والے آفس سپرنٹنڈنٹ تاحال اپنے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔ غیرقانونی کام سے انکار کرنے والے آفس کلرک موسیٰ کو معطل کیا گیا تھا جسے تاحال بحال نہیں کیا گیا ، غیر قانونی طور پر ترقی پانے والے ایک درجن سے زائد اہلکار تا حال تھانے دار ہیں۔