• news

دیکھنا ہے ادارے کب تک نوازشریف کے ساتھ چلتے ہیں: شیخ رشید

اسلام آباد (این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے صدر نو منتخب رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کے قائد سارے عہدے اور وزارتیں خاندان میں بانٹیں گے باقی سب کو ڈانٹیں گے، چوہدری نثار کی سیاست آخری کنارے لگ گئی ہے۔ آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف ”ہاٹ واٹر “ میں ہیں ، ایم کیو ایم عمران خان کو قائد حزب اختلاف بنانے کی حمایت کرے۔ بدھ کو ایوان صدر میں چینی وزیراعظم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم کوشش کرینگے کہ عمران خان کو قائد حزب اختلاف بنایا جائے۔ تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی سے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف ہارے ہوئے لوگوں کے گھروں پر گئے انہیں ہماری جیت کا زخم ہے جمہوریت میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ایفی ڈرین والوںکو ٹکٹ دیئے اور وہ ہار گئے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں فوج نے مداخلت نہیں کی فوج ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہے۔ ایم کیو ایم اگر اپنی علیحدہ شناحت رکھتے ہوئے عمران خان کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر منتخب کرے تو یہ اچھی بات ہو گی ایم کیو ایم پیپلز پارٹی سے اپنے آپ کو الگ رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت چار سال ہونی چاہئے پانچ سال نہیں 14 اگست 1947ءسے آج تک 17 وزیراعظم آئے اور کسی نے بھی اپنی مدت پوری نہیں کی اب دیکھیں کہ نواز شریف کہاں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر سندھ میں جاتے تو انہیں بہت زیادہ ووٹ ملنے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو اللہ تعالی نے مجھے اور عمران خان کو بچالیا دہشت گردوں نے منصوبہ بندی کر رکھی تھی کہ لیاقت باغ میں دھماکہ اور خودکش حملہ کیا جائیگا اور خودکش بمبار بھی پنڈی پہنچ چکے تھے مگر عمران خان کے زخمی ہو کر ہسپتال جانے پر دہشت گرد اپنے منصوبے میں کامیاب نہ ہو سکے یہ بات عمران خان کو ایجنسیوں کی طرف سے بتائی گئی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی سے شکوہ شکایت کرنے والوں کو ہارنے والوں کے گھر نہیں جانا چاہئے یہ عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔ عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے یہ انہیں ہضم کیوں نہیں ہورہا ہے۔ حکومت اور طالبان کے درمیان بامعنی اوربامقصد بات چیت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فنی خرابی اور نقائص کی نشاندہی کرتے رہیں گے عوام دشمن فیصلے میرے نشانے پر ہونگے، دیکھنا ہے کہ ادارے کتنے عرصے تک نواز شریف کے ساتھ چلتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن