• news

بھارتی ٹیم میں کوئی بھی کھلاڑی ایماندار نہیں‘ سب جواری ہیں: دنیش کالگی

احمدآباد (سپورٹس ڈیسک) جواری دنیش کالگی نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم میں کوئی ایک کھلاڑی بھی ایماندار نہیں ہے۔ انہوں نے سپاٹ فکسنگ پر جلتی پر تیل کا کام کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار تین کرکٹرز محض چھوٹی مچھلیاں ہیں۔ جو کچھ ہو رہا ہے وہ نیا نہیں، معمول کے مطابق ہے۔ کوئی بیس، پچیس لاکھ کیلئے دھوکہ نہیں دے سکتا۔ یہ کھلاڑی تو یہ بھی نہیں جانتے کہ ایسی فکسنگ کو کیسے ہینڈل کرنا ہے۔ جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، لندن اور دبئی میں اعلیٰ سطح پر میچ فکسنگ کی جاتی ہے۔ یہ سب کچھ لندن سے ہوتا ہے اور دبئی میں سپروژن کی جاتی ہے۔ اگر اس بار نیٹ ورک لندن میں ہے تو آئندہ آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ میں ہو سکتا ہے۔ یہ فکسنگ ان ممالک میں ہوتی ہے مگر اسے سپورٹ دبئی سے کیا جاتا ہے۔ کھلاڑی بڑی رقوم کیلئے ایسا کرتے ہیں۔ کوئی کھلاڑی بھی ایماندار نہیں بلکہ ٹیم انتظامیہ بھی اس میں ملوث ہوتی ہے۔ بھارتی ٹیم میں بھی کوئی ایماندار کھلاڑی نہیں ہے۔ وہ پیسے کیلئے سب کچھ کرتے ہیں۔ کوئی کھلاڑی طریقہ واردات کو نہیں جانتا۔ کوئی کھلاڑی ایسا نہیں جس نے پیسوں کیلئے ایسا نہ کیا ہو۔ ٹیموں کے سپانسرز اور سلیکشن کمیٹیاں بھی جوئے میں ملوث ہوتی ہیں۔ کھلاڑیوں کو صرف اتنا بتایا جاتا ہے کہ انہیں کیا کرنا ہے۔ بڑے کھلاڑیوں کو بڑی رقوم کی پیشکش کی جاتی ہے۔ موجودہ آئی پی ایل میں 15 سے 20 میچ فکس تھے۔ بالی ووڈ انڈسٹری بھی میچ اور سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہے۔ کسی کو کھیل سے کوئی محبت نہیں، وہ صرف پیسے سے پیار کرتے ہیں۔ میرے خیال میں سب چور ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن