• news

پہلا ون ڈے: آئرلینڈ آج پاکستان کا سامنا کرنے کیلئے تیار

ڈبلن(سپورٹس ڈیسک )پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے آج ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ دو ہزار سات میں گرین شرٹس کو شکست دینے والی آئرش ٹیم ایک بار پھر نئے عزم کے ساتھ فتح کے خواب دیکھ رہی ہے۔ سکاٹ لینڈ کی طرح آئرلینڈ کا موسم بھی خاصا سرد ہے لیکن پاکستانی کھلاڑی خود کوموسم اورحالات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ آئرلینڈ کے بلے باز دراز قامت محمد عرفان کو کھیلتے ہوئے مشکلات کا شکار ہونگے۔ جنید خان نے بھی عمرگل کی کمی کو محسوس نہیں ہونے دیا اور سکاٹ لینڈ کے خلاف پاکستانی پیس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ آئرلینڈ ورلڈ لیگ چیمپئن شپ کھیلنے والی ٹیم کو برقرار رکھے گا۔ پاکستان چیمپئنز ٹرافی سے قبل تمام میچز کو پریکٹس کے طور پر کھیل رہا ہے۔ وہی ٹیم کھیلنے کا امکان ہے جس نے سکاٹ لینڈ کو شکست دی تھی۔ آئرلینڈ کے کوچ فلپ سمنز نے کہا کہ رواں سال ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم نے اپنے ہوم گرا¶نڈ پر مخالف ٹیموں کیلئے مشکلات پیدا کی ہیں۔ ہمارے ٹیم وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ آج پاکستان کیخلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ مصباح الحق نے کہا کہ میزبان ٹیم کے کھلاڑی اچھا کھیل رہے ہیں۔ پال سٹرلنگ سنچری بھی سکور کر چکے ہیں۔ ہم اس کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت کھیلیں گے تاکہ اس کو ناکام بنا سکیں۔ میچ پاکستانی وقت کیمطابق سہ پہر پونے تین بجے شروع ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن