• news

پاکستان کا مستقبل روشن ہے‘ مایوسی پھیلانے والوں کو مایوس ہونا پڑے گا : شہبازشریف

لاہور (آئی این پی) نامزد وزیراعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقل روشن ہے اور مایوسی پھیلانے والوں کو بالآخر مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مسلم لیگ ن کی آئندہ حکومت کی خارجہ پالیسی میں چین کے ساتھ تعلقات بنیادی اہمیت کے حامل ہونگے، ہم نے صوبے میں کرکٹ، ہاکی اور دوسری کھیلوں کے لئے 450 کے قریب پلے گراﺅنڈ بنائیں۔ وہ لاہور میں مختلف سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات سے خطاب کر رہے تھے جو انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دینے آئے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جس قوم نے نوبل انعام یافتہ سائنسدان اور ارفع کریم جیسے آئی ٹی ایکسپرٹ پیدا کئے ہوں وہ دنیا کی کسی بھی قوم کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ پاکستان کے ایٹمی دھماکے اور موٹر وے اور میٹرو کی تعمیراس امر کا ثبوت ہے کہ ہم وقت کے چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ میں نے انتخابی مہم میں سو سے زائد عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ مجھے اپنے جلسوں میں نوجوانوں کی تعداد اور ان کا جوش و خروش دیکھ کر اندازہ ہو گیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔ نوجوانوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ کھوٹے کھرے کی پہچان رکھتے ہیں۔ ہماری حکومت نے پنجاب میں دنیا کا سب سے بڑا یوتھ فیسٹیول منعقد کیا جس میں 30 لاکھ نوجوانوں نے شرکت کی۔ ہم چاہتے ہیںکہ پاکستان کے دوسرے صوبے بھی اپنے نوجوانوں کے لئے ایسے ہی فیسٹیول منعقد کرائیں تاکہ ان کی صلاحیت بھی اجاگر ہو سکیں۔ قبل ازیں چینی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں نامزد وزیراعلی نے کہا کہ چین ہمیشہ کی طرح آج بھی پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہماری اور چین کی دوستی دونوں ملکوں میں حکومتوں کی تبدیلی سے بے نیاز اور ماورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی وزیراعظم نے توانائی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے بہترین تعاون کا یقین دلایا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن