• news

اوگرا سکینڈل : یوسف رضا گیلانی‘ پرویزاشرف‘ ڈاکٹر عاصم شامل تفتیش‘ نیب نے طلب کرلیا

اسلام آباد (اے پی اے + نوائے وقت نیوز) اوگرا سکینڈل کیس میں 2 سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کو شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر نیب نے اوگرا عملدرآمد کیس کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی جس کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو طلب کیا گیا ہے، راجا پرویز اشرف 29 مئی اور یوسف رضا گیلانی 27 مئی کو تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین بھی 30 مئی کو تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔ انہوں نے یہ رپورٹ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بنچ کے روبرو پیش کی۔ عدالت نے انہیں ہدایت کی کہ توقیر صادق کو جلد پاکستان لایا جائے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ دبئی عدالت کا فیصلہ کے بعد اس کیس کی مزید سماعت کی جائے گی ۔دوران سماعت نیب کے پراسیکیوٹر کے کے آغا نے توقیر صادق کی گرفتاری کے حوالے سے عدالت کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں مقدمے کی سماعت مکمل ہوگئی ہے اور 3 جون کو اس کا فیصلہ سنا دیا جائے گا جس پر عدالت نے توقیر صادق کا معاملہ 6 جون تک ملتوی کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن