کرم ایجنسی : سکیورٹی فورسز پر حملہ‘ جھڑپ‘ کیپٹن سمیت 4 اہلکار 22 شدت پسند جاں بحق
کرم ایجنسی /باجوڑ (آئی این پی+ آن لائن) وسطی کرم ایجنسی کے علاقے زرمینہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی امن و امان کے قیام کیلئے پیش قدمی جاری ہے جس دوران تازہ کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے مابین جھڑپ کے دوران پاک فوج کے کیپٹن احمد رضا سمیت 4 اہلکار شہید‘ 18 زخمی جبکہ جوابی کارروائی اور جیٹ طیاروں کی بمباری سے 22 شدت پسند مارے گئے اور 4 ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے فورسز پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھاری ہتھیاروں سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جھڑپ میں سکیورٹی فورسز کے 2 افسر بھی جاں بحق ہوئے تاہم آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپ میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوئے۔ دوسری جانب باجوڑ میں عسکریت پسندوں کے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے میں دو لیویز اہلکار زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں بجلی کے تاروں کو بھی نقصان پہنچا جس کی وجہ سے علاقہ میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔