• news

کیا آپ ڈرون حملوں میں مارے جانے والے مسلمانوں کے اہل خانہ سے معذرت کریں گے، اوباما کی تقریر کے دوران خاتون کا احتجاج

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی صدر بارک اوباما کے خطاب کے دوران ایک خاتون نے احتجاج کیا جس پر اوباما نے کہا مہربانی کرکے پہلے مجھے خطاب مکمل کرنے دیں۔ سکیورٹی نے خاتون کو ہال سے باہر نکال دیا۔ خاتون نے گوانتاناموبے میں رکھے گئے قیدیوں پر احتجاج کیا تھا۔ تاہم خاتون کو باہر نکالنے سے پہلے اس کی پوری بات سنی گئی اوباما نے کہا گو کہ میں ان کی بات سے اتفاق نہیں کرتا تاہم انہیں اپنی رائے دینے کا پورا حق ہے۔امریکی صدر نے خاتون کو بات مکمل کرنے کا موقع دیا۔ اوباما نے کہا کہ احتجاج خاتون کا حق ہے گو میں ان سے اتفاق نہیں کرتا۔خاتون نے سوال کیا کہ کیا آپ ڈرون حملوں میں جاں بحق ہونے والے ہزاروں مسلمانوں کے اہل خانہ سے معذرت کریں گے۔ کیا ڈرون حملوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو امداد دی جائے گی۔ آپ مسلمانوں کو بتا دیں کہ ان کی جانیں بھی ہماری طرح قیمتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن