وزیراعلیٰ سندھ کی نامزدگی پر پیپلز پارٹی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے
کراچی (آئی این پی+ این این آئی) وزیر اعلیٰ سندھ کی نامزدگی پر پاکستان پیپلز پارٹی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اور ان کے منہ بولے بھائی اویس مظفر ٹپی سید قائم علی شاہ کو وزیر اعلیٰ دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ پارٹی کے صدر مخدوم امین فہیم اپنے بھائی مخدوم رفیق الزماں یا اپنے بیٹے مخدوم جمیل الزماں کو وزارت اعلیٰ کا منصب دلانا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مخدوم خاندان کے کسی فرد کو وزیر اعلیٰ بنوانے کے لئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے امیدوار سید خورشید شاہ بھی مخدوم امین فہیم کے حامی نظر آتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بڑھتی ہوئی رسہ کشی کے بعد دیگر امیدواروں نثار احمد کھوڑو، میر ہزار خان بجارانی اور آغا سراج درانی نے اس عہدے کے لئے دلچسپی کم کردی ہے۔ وزارت اعلیٰ کا فیصلہ نہ ہونے کے باعث سندھ اسمبلی کے اجلاس بلانے میں بھی تاخیر ہورہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نثار احمد کھوڑو دوبارہ سپیکر بننے میں دلچسپی نہیں رکھتے وہ چاہتے ہیں کہ انہیں سندھ کابینہ میں کوئی حصہ دیا جائے ذرائع نے دعویٰ کیا حالیہ انتخابات 2013 میں منتخب ہونے والے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی اکثریت یہ چاہتی ہے کہ سید قائم علی شاہ کو وزیر اعلیٰ نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ وہ خود فیصلے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں بلکہ ان کے تمام فیصلے فریال تالپور یا اویس مظفر ٹپی کرتے ہیں جس کے بعد ارکان اسمبلی اور سید قائم علی شاہ کے درمیان اچھے تعلقات ممکن نہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر صدر آصف علی زرداری کے لئے بھی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سید قائم علی شاہ کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا تو پارٹی میں سندھ اسمبلی ارکان کا فارورڈ بلاک وجود میں آسکتا ہے۔ مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ سندھ میں حکومت بنانے کے لیے پیپلزپارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ کو باقاعدہ دعوت دے دی ہے۔ سندھ کے عوام نے پیپلزپارٹی اور متحدہ کو بھاری مینڈیٹ سے کامیاب کرایا ہے۔ سندھ میں پی پی پی حکومت بنائے گی عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھے گی۔ ایم کیو ایم کے ساتھ حکومت سازی کے حوالے سے بات چیت کا آغاز ہوچکا ہے اس معاملے سے متعلق مذاکرات کا دور بہت جلد ہوگا۔ پیپلز پارٹی تحفظات کے باوجود انتخابی نتائج تسلیم کرتی ہے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنماو¿ں کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت میں متحدہ کے کردار سے متعلق واضح فیصلہ آئندہ چند روز میں سامنے آجائے گا سندھ بالخصوص کراچی کے عوام نے جو مینڈیٹ ایم کیو ایم کو دیا ہے، ا±ن کی قیادت انہیں مایوس نہیں کرے گی۔