• news

سینٹ کمیٹی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا،آج اجلاس طلب

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ این این آئی ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔ معاملے پر غور کے لئے آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کے چیئرمین سینیٹر زاہد خان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ پانچ روپے فی یونٹ اضافہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی پر اضافی بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ معاملے پر غور کے لئے قائمہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج پارلیمنٹ ہاوس میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں متعلقہ حکام کو طلب کرکے وضاحت مانگی جائے گی۔ دریں اثناءصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ بجلی کے بلوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج کو عوام سے وصول نہیں کرنے دینگے یہ عوام کے ساتھ ظلم ہے ، نگران حکومت کے دور میں ایسا نہیں ہونا چاہئے، ہماری کمیٹی (آج) جمعہ کو اس معاملے کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں پانچ روپے 82 پیسے فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج کی وصولی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنا درست عمل نہیں، اگر کوئی ایسا فیصلہ کرنا ہے تو آنیوالی حکومت خود کرسکتی ہے، اسی طرح منی بل لانا بھی نگرانوں کا کام نہیں یہ منتخب حکومت اور پارلیمنٹ کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج کے معاملے کو آج کمیٹی کے اجلاس میں زیر بحث لایا جائےگا اور واپڈا حکام کو ہدایت کی جائیگی کہ وہ عوام سے یہ وصولی نہ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن