دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری رہےگا، زرداری، نواز ملاقات خوش آئند ہے: شاہ محمود
لاہور (سپیشل رپورٹر+آئی این پی) تحریک انصا ف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر الیکشن کمشن نے 25 حلقوں میں ری کاﺅنٹنگ کی ہماری ڈیمانڈ نہ مانی تو ہم اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں گے یہ باتیں انہوں نے عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا اگر الیکشن کمشن ہمارے مطالبات نہیں مانے گا تو ہم اپنے احتجاج کے اگلے پروگرام کا اعلان کریں گے اور یہ احتجاج پرامن ہو گا کیونکہ پاکستان کی عوام الیکشن کے رزلٹ سے مطمئن نہیں ہیں ان کے ذہنوں میں سوالات ہیں انہوں نے ووٹ کسی اور کو دئیے تھے جیت کوئی گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آنے والی حکومت مسائل کو حل نہیں کرے گی تو تحریک انصاف موثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات جمہوریت کے لئے خوش آئندہ ثابت ہو گی۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف کے دیگر رہنماوں عائلہ ملک، میاں اظہر، شفقت محمود اور دیگر نے عمران خان کی عیادت کی۔ تحریک انصاف کی شکست اور اپنی جیت پر مسلم لیگ (ن)کو بھی تعجب ہوا جتنی دھاندلی موجودہ انتخابات میں کی گئی ہے اس کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔