آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ: اسد رﺅف چیمپئنز ٹرافی پینل سے خارج
لاہور+نئی دہلی (سپورٹس رپورٹر+سپورٹس ڈیسک) بھارتی منفی پروپیگنڈہ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایلیٹ پینل پاکستانی امپائر اسد روف کو آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے ڈراپ کر دیا ہے۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد 6 سے 23 جون تک انگلینڈ میں ہونا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس بات کا فیصلہ بدھ کے روز میڈیا میں آنے والے خبروں کی بنا پر کیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ پاکستانی امپائر اسد روف سے بھی ممبئی پولیس کے زیر تفتیش ہیں۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈ سن کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ چونکہ اسد روف کے خلاف بھارتی پولیس تحقیقات کر رہی ہے اس لئے ہم نے اسد روف کی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے خدمات واپس لے لی ہیں اور یہ نہ صرف کھیل بلکہ اس روف کے اپنے مفاد میں بھی ہے۔ بھارتی وزیرکھیل جتندر سنگھ نے کہا ہے کہ آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا اور اس کے باعث ہمارے سرشرم سے جھک گئے ہیں۔نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتی وزیرکھیل جتندرسنگھ نے کہا کہ آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں زندگی کے مختلف شعبوں کی اہم شخصیات کے نام سامنے آنے پرانہیں بے پناہ شرمندگی اٹھانا پڑی ہے، کھیلوں کا شیدائی ہونے کی وجہ سے ان کے لیے یہ سب کچھ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا ورنہ بات دور تک نکل جائے گی اور کھیل کی بھی بدنامی ہوگی، حکومت کھیلوں میں کرپشن روکنے کے لئے قانون سازی کر رہی ہے امید ہے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، جتندرسنگھ نے چنئی سپرکنگز کے مالک اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن کے داماد کے بکیزسے تعلق پر تبصرے سے انکار کر دیا۔