مسافروں کی لڑائی ‘ پی آئی اے کی پرواز کو برطانوی جنگی جہازوں نے اتار لیا
لندن لاہور (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں + وقار ملک) لاہور سے مانچسٹر جانے والے پی آئی اے کے طیارے میں چار مسافروں کی آپس میں تلخ کلامی، دھمکی اور پائلٹ کی جانب سے کنٹرول روم میں ایمرجنسی پپغام بھیجنے کے بعد برطانوی جنگی جہازوں نے طیارے کو ہنگامی طور پر سٹینڈسٹڈ ایئر پورٹ پر اتار لیا، برطانوی پولیس نے طیارے میں موجود دو مسافروں کو حراست میں لے کر تفتیش کی، پائلٹ سے بھی پوچھ گچھ کی گئی، مسافروں کاسامان تحویل میں لے کر انکو پاسپورٹ دے کر لاﺅنج میں بٹھا دیا گیا۔ برطانوی ٹی وی کے مطابق لاہور سے مانچسٹر جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 709 میں چار مسافروں کی آپس میں اچانک تلخ کلامی ہوگئی، اس کے بعد عملے سے تلخ کلامی ہوئی جسے طیارے کے عملے نے دہشت گردانہ دھمکی سمجھتے ہوئے لندن ایئر ٹریفک کنٹرول کو خطرے کا الارم بجا دیا، جس پر برطانوی رائل ایئر فورس کے جنگی جہازوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو گھیر کر مانچسٹر کی بجائے سٹینڈسٹڈ ایئر پورٹ پر اتار لیا۔ برطانوی پولیس نے طیارے میں سوار 297 مسافروں کو بحفاظت باہر نکال کر دو افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا جبکہ دیگر سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ، پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق برطانوی پولیس نے عمارا اشرف اور محمد شفقت نامی دو مسافروں کو حراست میں لیا ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور بعد ازاں انہیں چھوڑ دیا گیا، عمارا اشرف اور محمد شفقت کی آپس میں تلخ کلامی کے بعد پی آئی اے عملے سے سخت تلخ کلامی ہوئی تھی، جسے ایئر ہوسٹس نے دھمکی سمجھتے ہوئے پائلٹ کو آگاہ کیاجس نے خطر ے کا الارم بجاتے ہوئے کنٹرول روم کوخطرے سے آگاہ کیا۔ حراست میں لیے گئے دونوں مسافر پاکستانی نژاد برطانوی شہری تھے ، ایک مسافر نے کہا کہ دو مسافروں کی ایئر ہوسٹس سے تلخ کلامی کے بعد انہوں نے پائلٹ کیبن میں جانے کی کوشش کی جس پر پائلٹ نے خطرے کا الارم بجا کر ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دے دی، طیارے میں سوار مزید مسافروں کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے عملے نے بات کو بڑھا چڑھا کر ایک فساد کھڑا کر دیا جس کے باعث تمام مسافروں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ لاہور سے مانچسٹر جانے والی پرواز PK709 کو حفاظتی اقدامات کو مدنظررکھتے ہوئے لندن کے سٹینڈسٹڈ ائر پورٹ پر باحفاظت اتار لیا گیا۔ پرواز میں 297 مسافر اور عملہ کے 11 ارکان سمیت 308 مسافر سوار تھے۔ طیارے میں سوار دو مسافروں کی جانب سے پی آئی اے عملے کو طیارے کو نقصان پہنچانے کی دھمکی پر سٹینڈسٹڈ ائرپورٹ پر اتارنا پڑا۔ مسافروں کی جانب سے دھمکی دینے کے بعد کپتان نے برطانیہ کی ائر ٹریفک کنٹرول کو صورتحال سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے کپتان کو ہدایت کی کہ وہ سٹینڈسٹڈ ائر پورٹ پر طیارے کو لینڈ کریں۔ دونوں مسافروں کو برطانوی حکام نے حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی۔ ترجمان نے کہا کہ تمام مسافر عملہ اور طیارہ محفوظ ہے۔ دوسری جانب وزارت داخلہ پاکستان نے پی آئی اے کی مانچسٹر پرواز میں ہونے والے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔