بنگلہ دیش میں بھی سپاٹ فکسنگ کی بازگشت سنائی دینے لگی
بنگلہ دیش میں بھی سپاٹ فکسنگ کی بازگشت سنائی دینے لگی
ڈھاکہ (این این آئی) بھارت میں سپاٹ فکسنگ کا طوفان ابھی تھما نہیں کہ اس کی بازگشت پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں بھی سنائی دینے لگی ہے۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے بنگلہ دیشی ٹیم کے سابق کپتان محمد اشرفل پر شبہ ظاہر کر دیا۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن اینڈ سکیورٹی یونٹ نے بنگلہ دیش پریمیئرلیگ کے دو میچزکی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اس سلسلے میں اینٹی کرپشن یونٹ نے بنگلہ دیش کا دورہ بھی کیا ہے۔ بی پی ایل کے جن میچز کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ان میں ڈھاکہ گلیڈی ایٹرز اور چٹاگانگ کنگز کے میچ کے ساتھ ڈھاکہ گلیڈی ایٹرز اور بریسال برنرز کا میچ شامل ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ڈھاکہ کی نمائندگی کرنے والے بنگلہ دیش کے سابق کپتان محمد اشرفل کوشک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ اینٹی کرپشن یونٹ نے اشرفل سے پوچھ گچھ کی ہے اور معاملے کو راز میں رکھنے کو کہا ہے۔