قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا آئرلینڈ کے دورہ پاکستان کیلئے بات چیت کا خیرمقدم
قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا آئرلینڈ کے دورہ پاکستان کیلئے بات چیت کا خیرمقدم
ڈبلن (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے آئرلینڈ کے دورہ پاکستان کیلئے بات چیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی سیریزمیں دونوں ممالک کا فائدہ ہے، میدان آباد ہونے پربہت خوشی ہوگی۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ آئرلینڈ کی میزبانی کا موقع ملنا ہمارے لیے واقعی بڑی خوشی کی بات ہوگی، مجھے سیریز کے انعقاد کی امید ہے، اس سے ہمارے میدان بھی آباد ہو جائیں گے اوردونوں ممالک کی کرکٹ کو فائدہ ہوگا،آئرلینڈ کو انٹرنیشنل سطح پر کھیلنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع درکار ہیں، دوسری طرف میزبانی سے ہماری کرکٹ اوربورڈ پر بھی مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔ واضح رہے کہ کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹو وارن ڈیو ٹروم نے چند روز قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ دورے کے حوالے سے پی سی بی آفیشلز سے تبادلہ خیال ہوا ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہماری کرکٹ کو سپورٹ کیا جس پر اس کے شکر گزار ہیں۔ آئندہ ورلڈ کپ کیلئے اپنا کیس مضبوط بنانے کیلئے کوشاں آئرش ٹیم کو گرین شرٹس کے خلاف سیریز کھیلنے کا موقع مل جائے تو کارکردگی میں نمایاں بہتری آنے کے امکانات ہوں گے۔