• news

نواز شریف میں اتنا سٹیمنا نہیں جو 2018ءتک حکومت چلا لیں: شیخ رشید

اسلام آباد (وقت نیوز) عوامی مسلم لیگ کے صدر اور نومنتخب رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صدر جب تک عہدے پر ہے اس کا ٹرائل نہیں ہو سکتا۔ آئندہ الیکشن 2018ءکی کیا بات کرتے ہیں، نواز شریف کا اتنا سٹیمنا نہیں ہے کہ وہ 2018ءتک حکومت چلا سکیں۔ انہوں نے ٹونائٹ ود پیرزادہ میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس الیکشن میں ہر مذہبی فرقے کی اپنی جماعت تھی، تمام دینی جماعتوں نے الگ الگ سیاسی پارٹیاں بنا کھی تھیں، پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا ٹیم ورک بہت اچھا رہا، لوگوں کا فیصلہ تھا کہ شیخ رشید کو اسمبلی میں جانا چاہئے۔ میں اپوزیشن کا تاریخی رول ادا کروں گا۔ میری ایک سیٹ ن لیگ کی 200 نشستوں پر بھاری ہو گی۔ میں پی ٹی آئی کے ساتھ رہوں گا۔ آگ لگا دوں گا ایسے نظام کو جس میں غریب کی ترقی کا راستہ روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ اے این پی کو ایک نشست ملے گی۔ پیپلز پارٹی کا کوئی ماں باپ نہیں رہا۔ عمران خان کو پارٹی الیکشن میں نہیں جانا چاہئے تھا لیکن میری کسی نے نہیں سنی۔ روز میڈیا بتا رہا ہے کہ سعودی عرب 15 ارب ڈالر دے ر ہا ہے، جب دے گا تب دیکھوں گا، پانچ چھ ارب بھی مل جائیں تو بہت سمجھیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ اس وقت خراب فیصلے کئے جب پنجاب اور مرکز ان کے پاس رہا اور ارکان اسمبلی کی کوئی اہمیت نہ رہی۔ اپوزیشن لیڈر عمران خان کو ہ ونا چاہئے۔ پیپلز پارٹی غیر مقبول پارٹی ہے اس کیلئے لوگ مار کھانے کیلئے اب باہر نہیں نکلیں گے۔ ایم کیو ایم جس بحران سے آج گزر رہ ی ہے اس سے پہلے نہیں گزری تھی۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر طاہر القادری کا آنا سمجھ میں آیا نہ جانا۔ نواز شریف خود اپنا راستہ روکیں گے۔ ان میں معاف کرنے کی صلاحیت نہیں، میڈیا کو آصف زرداری یاد آئے گا۔ ٹی وی جینلز خبردار ہو جائیں، ابھی وزارت میں نہیں آئے اور فافن پر 16 پرچے ہو گئے ہیں۔ میڈیا کی بیلٹ ٹائٹ ہو جائے گی۔ بجلی کا نظام ٹھیک رکھنے کیلئے 2.2 ارب روپے روزانہ چاہئیں۔ تیل بجلی گھروں تک پہنچانے کیلئے لوکو موٹو انجن چاہئیں۔ طالبان کا نواز شریف پر اعتماد ہے، نواز شریف کا امتحان ہے کہ وہ نئے نواز شریف ہیں یا پرانے۔ اسحاق ڈار ہمیشہ سے ناکام وزیر خزانہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مشرف پر آرٹیکل 6 نہیں لگایا جائے گا جب تک نواز شریف آرڈر نہ کریں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ نواز شریف آرڈر نہیں کرینگے۔ 

ای پیپر-دی نیشن