کابل: افغان انٹیلی جنس ایجنسی‘ فوجی دفاتر پر خودکش حملے‘ بم دھماکے‘ دو طالبان جاں بحق
کابل (نوائے وقت رپورٹ + اے ایف پی+ ثنا نیوز+ بی بی سی) کابل میں بھارتی سفارت خانے کے قریب تین خود کش دھماکوں میں حملہ آور دو طالبان جاں بحق جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تینوں دھماکے خود کش تھے، بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق خود کش حملوں کا ہدف بھارتی سفارت خانہ نہیں تھا۔ سکیورٹی فورسز نے بھارتی سفارت خانے کے قریبی علاقے سیل کر دیئے۔ دھماکوں کے بعد فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی۔ بھارتی سفارت خانے کا عملہ محفوظ رہا۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی، افغان پولیس کے مطابق مسلح افراد نے کابل کی عمارتوں پر پوزیشنیں سنبھال رکھی تھیں۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی کے مطابق ترجمان افغان حکومت صادق صدیقی نے دعویٰ کیا کہ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے دو حملہ آور طالبان جاں بحق ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ میں تصدیق کرتا ہوں کہ دو حملہ آور طالبان جو فائرنگ کر رہے تھے اور انہوں نے سکیورٹی فورسز پر گرنیڈ بھی پھینکے جوابی کارروائی میں جاں بحق ہو گئے۔ ثناءنیوز کے مطابق جمعہ کے روز شہر کے وسط میں افغان انٹیلی جینس ایجنسی اور بین الاقوامی فرم کی حفاظت کرنے والی افواج کے صدر دفاتر پر اطراف سے طالبان کی جانب سے حملے کئے گئے۔ کم از کم دو بم دھماکے ہوئے اور جب سکیورٹی فورسز کے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد شدید فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس ترجمان حشمت تانکزئی نے بتایا کہ پہلا دھماکہ این ڈی ایس انٹیلیجنس ایجنسی ہسپتال کے قریب ہوا جس کے قریب افغان پبلک پروٹیکشن فورس ( اے پی پی ایف) کے دفاتر موجود ہیں۔ پھر دوسرا دھماکہ ہوا اور اس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واقعے کی ذمے داری قبول کی اور کہا کہ شروعات میں خودکش کاردھماکہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین نے چھوٹے بڑے ہتھیاروں کے ساتھ عمارت کی اطراف پوزیشنز سنبھالیں اور عمارتوں میں کئی اہداف کو نشانہ بنایا جن میں غیر ملکی اور جاسوس ایجنسی کے اراکین شامل ہیں۔ کابل پولیس کے سربراہ جنرل ایوب سالنگی نے بی بی سی کو بتایا ہم ایک مربوط حملے کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ افغان سکیورٹی فورسز اس معاملے سے نمٹ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کم سے کم دو خود کش حملہ آوروں کو ہلاک کیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں اٹھنے والا دھواں کئی کلومیٹر دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔ پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔ افغان چینل ون نے ٹی وی نے پولیس کے حولے سے بتایاکہ کئی حملہ اور افغان پبلک پروٹیکشن فورس (اے پی پی ایف) کے ڈائریکٹریٹ میں داخل ہو گئے۔ ٹی وی کے مطابق بعض حملہ آوروں نے عمارت کے اندر پوزیشنیں سنبھال لیں۔