وفاقی حکومت نے علی حیدر گیلانی، شہباز تاثیر کی رہائی کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بنا دی
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے اور اغواءکی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کےلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دیدی، علی حیدر گیلانی اور شہباز تاثیر سے متعلق بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اغواءکاروں نے انہیں پاک افغان سرحد کے قریب رکھا ہوا ہے۔ جمعہ کو ذمہ دار ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر کے اغواءکی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس میں پولیس، ایف آئی اے اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ تحقیقاتی ٹیم مختلف کالعدم تنظیموں کے گرفتار ارکان سے بھی پوچھ گچھ کرے گی جبکہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی کوششوں کو بھی تیز کرے گی۔ دائرہ دین پناہ سے نامہ نگار کے مطابق سی آئی اے سٹاف پولیس ملتان نے علی الصبح مظفرگڑھ کے علاقے دائرہ دین پناہ کے نواحی قصبہ احسان پور میں علی حیدر گیلانی کے اغوا کے شبہ میں کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے رہنما آصف چھوٹو اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا۔ آصف چھوٹو کے برادر نسبتی احسان احمد گاڈی کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزم احسان احمد گاڈی کا موبائل فون پر اپنے برادر نسبتی آصف چھوٹو سے مسلسل رابطہ تھا۔