پاکستانی اور چینی تاجروں کے درمیان اختلافات غیرمعمولی نوعیت کے نہیں: مسعود خالد
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا ہے کہ پاکستانی اور چینی تاجروں کے درمیان تجارتی تنازعات موجود ہیں لیکن یہ غیرمعمولی نوعیت کے نہیں اور ان تنازعات کے خوش اسلوبی سے حل کیلئے متعلقہ حکام کی مدد لی جاتی ہے۔ جمعہ کے روز سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کے ساتھ دفتر خارجہ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ کو پاکستانی اور چینی دونوں تاجروں کی طرف سے ایک دوسرے کے خلاف شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں لیکن یہ کوئی بری شکایات نہیں اور معمول کی بات ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ چین کیلئے پاکستان کی برآمدات کا حجم تین اعشاریہ دو ارب ڈالر ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میںانہوں نے بتایا کہ چین کی کمپنیاں پاکستان میں پن بجلی، تھرمل اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ ان منصوبوں میں گدو تھرم، پاور، کوہالہ، پراجیکٹ، منگلا اپ ریزنگ پراجیکٹ نمایاں ہیں۔