• news

پیرس، باریش نوجوان نے فرانسیسی فوجی کو چاقو مار کر زخمی کر دیا

پیرس (اے ایف پی+ نوائے وقت رپورٹ) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نامعلوم نوجوان نے ایک فرانسیسی فوجی کو گردن میں چاقو مار کر شدید زخمی کردیا اور فرار ہو گیا۔ پولیس حملہ آور کو تلاش کرنے میں لگی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فرانسیسی فوجی اور اسکے دو ساتھی کینٹ کے خریداری والے علاقے میں گشت پر تھے کہ 30 سالہ نوجوان نے ایک فوجی کی گردن میں عقب سے چاقو گھونپ دیا اور بھاگ نکلا۔ فوجی کے ساتھیوں نے اسے پکڑنا چاہا مگر وہ خریداروں کے ہجوم میں غائب ہوگیا۔ زخمی فوجی جس کا بہت خون بہہ گیا تھا کو فوری طور پر نزدیکی فوجی ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں اسکی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ فرانسیسی اخبار ”ڈیلی لی پیرسیئن“ نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملہ آور 30 سالہ باریش نوجوان تھا جو شمالی افریقہ کے کسی ملک کا باشندہ دکھائی دیتا تھا اور اس نے اپنی جیکٹ کے نیچے عرب سٹائل کا لباس پہن رکھا تھا۔ فرانسیسی صدر فرینکوئز ہولینڈ جو آج کل ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میں ہیں فرانسیسی فوجی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرار ہونیوالے حملہ آور کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پولیس اسکی تلاش کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ مالی میں فرانس کی فوجی مداخلت اور اسکے ردعمل میں دہشت گردی کے خطرات کے باعث فرانس بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ پر رہتی ہے اس سے 3 روز قبل لندن میں دو افریقی نژاد نو مسلم نوجوانوں نے ایک برطانوی کو حملہ کر کے قتل کر دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن