• news

برطانوی ائرپورٹ پر 10 گھنٹے رکنے کا بل پی آئی اے کو 2 کروڑ روپے ادا کرنا ہونگے

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) دوران پرواز حقیقی خطرہ یا پائلٹ کی غیر ذمہ داری پی آئی اے کو بھاری پڑ گئی، نجی ٹی وی کے مطابق لاہور سے مانچسٹر جانے والی پی آئی اے کی پرواز کے پائلٹ کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اسے دو سال قبل نیویارک میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کو طیارہ سٹینڈ سٹڈ ائرپورٹ پر دس گھنٹے رکنے کا بل کروڑوں دینا پڑ سکتا ہے۔ پی آئی اے کو تقریباً دو کروڑ روپے اضافی ادا کرنا ہونگے۔ ایسوسی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے لڑائی جھگڑے پر ایمرجنسی کوڈ 7700 استعمال کیا جو پرواز کے ہائی جیک ہونے کے خطرے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ برطانوی فضائیہ کے طیارے پائلٹ کی کال پر آئے جس کا خرچہ پی آئی اے سے مانگا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب مانچسٹر میں برطانوی جنگی طیاروں کے ذریعے اتارا جانے والا پی آئی اے کا طیارہ لاہور پہنچ گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی کے 709، 14گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن