تحریک انصاف نے جاوید ہاشمی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا‘ عمران پارلیمانی لیڈر ہوں گے
لاہور ( سپیشل رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے جاوید ہاشمی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کر دیا۔ سپیکر کے لئے شہریار آفریدی پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے جبکہ منزہ حسن ڈپٹی سپیکر کے لئے نامزد کی گئی ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ یہ تحریک انصاف کی نومنتخب پارلیمانی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں فیصلے کئے گئے ہیں۔ عارف علوی تحریک انصاف کے چیف وہپ ہوں گے۔ عمران خان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر ہوں گے، غلام سرور خان بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں نمائندگی کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام پارلیمانی عہدوں پر امیدوار کھڑے کریں گے اور بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ کراچی میں الیکشن سوالیہ نشان ہیں جہاں دھاندلی ہوئی، الیکشن کمشن کو نوٹس لینا چاہئے۔ اجلاس تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کا اجتجاج پرامن ہے جو جاری ر ہے گا۔ الیکشن کمشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ہمارے تحفظات کا نوٹس لے اور دھاندلی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شاہ محمود قریشی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان 28 مئی کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ دریں اثناءبعض ذرائع کے مطابق جاوید ہاشمی نے وزارت عظمیٰ کے لئے امیدوار بننے سے انکار کر دیا ہے تاہم انہیں منا لیا گیا۔ دریں اثناءچیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں تحریک انصاف کو توقع سے کہیں بڑھ کر محبت ملی ہے اب اس محبت کا جواب محبت سے ہی دیا جائے گا۔ اس لئے وہ صحت یاب ہوتے ہی پہلا دورہ کراچی کا کریں گے اور وہاں کے تنظیمی سیٹ اپ سے متعلق بعض اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے کراچی سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔علاوہ ازیں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ارکان سے گفتگو میں عمران خان نے کہا ہے کہ پارٹی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار اور خیبر پی کے میں ماڈل حکومت قائم کرے گی، بلوچستان میں جلد پارٹی کے انٹرا الیکشن کرائے جائیں گے۔ صوبے میں کرپشن، بدعنوانی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔