دورہ یورپ: 18 رکنی قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا اعلان‘ عمر بھٹہ قیادت کرینگے
اسلام آباد (اے پی پی) جونیئر ہاکی ٹیم کی انتظامیہ نے دورہ یورپ کے لئے 18 رکنی قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ ہفتہ کے روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا سنٹر میں جونیئر ہاکی ٹیم کے منیجر و چیف کوچ رانا مجاہد علی خان نے کوچز انجم سعید اور دانش کلیم کے ہمراہ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ محمدعمر بھٹہ ٹیم کی قیاد ت کریں گے جبکہ کاشف شاہ ٹیم کے نائب کپتان ہونگے۔دیگر کھلاڑیوں میں گول کیپرز مظہرعباس اور امین یوسف ، فل بیک جن میں محمد خالد ، فیصل قادر اور سید کاشف شاہ شامل ہیں۔ ہاف بیکس جن میں محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، عماد شکیل بٹ، تصور عباس اور کاشف جاوید جبکہ فارورڈز میں محمد عرفان، ایم عمر بھٹہ، محمد دلبیر، علی شان، محمد سلیمان، ،محمد عمیر، محمد رضوان اور حافظ محمد رضوان علی شامل ہیں ، 18 رکن جونیئر ہاکی ٹیم یکم جون سے 16 جون تک ہالینڈ،جرمنی اور بیلجیئم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ لے گی ۔قومی جونیئر ٹیم ہالینڈ اور جرمنی کے خلاف تین، تین میچز جبکہ بیلجیئم کے خلاف دو میچز پر مشتمل سیریز میں حصہ لے گی۔ دورہ یورپ دراصل جونیئر عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کا ایک حصہ ہے جو کہ رواں سال کے آخر میں بھارت میں کھیلا جائے گا۔