سابق سفارتکار شفقت کاکاخیل پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین منتخب
اسلام آباداے پی پی) سابق سفارتکار اور یونائیٹڈ نیشنز انوائرمنٹ پروگرام (یو این ای پی) کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شفقت کاکاخیل کو پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے بورڈ آف گورنرز کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ شفقت کاکاخیل ایس ڈی پی آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چھٹے چیئرمین ہیں۔ انہوں نے کینیا اور یوگنڈا میں بطور ہائی کمشنر جبکہ ایتھوپیا میں بطور سفیر خدمات سرانجام دی ہیں جبکہ وہ اقوام متحدہ کے کئی اداروں میں بھی اعلیٰ عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ایس ڈی پی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انہوں نے یو این ای پی میں اپنی خدمات کا آغاز 1998ءمیں کیا اور 2007ءمیں ریٹائر ہوئے۔ دسمبر 2008ءمیں شفقت کاکاخیل کو کلین ڈویلپمنٹ میکنزم کے ایگزیکٹو بورڈ کا ممبر منتخب کیا گیا جبکہ وہ وزارت ماحولیات کے ایڈوائزری بورڈ کے ممبر کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے قومی ٹاسک فورس میں بھی شامل ہیں۔