• news

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کیلئے بجلی اور گیس کا بحران بڑا چیلنج ہوگا:ضیا عباس

کراچی (آئی پی این )آل پاکستان ویجیلنس پیٹرولیم سی این جی ڈیلرز فانڈیشن کے چیئرمین سید ضیا عباس نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کیلئے بجلی اور گیس کا بحران بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ آنے والی وفاقی حکومت ملک میں گیس کے دستیاب ذخائر کو تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سابقہ حکومت نے گیس کے بند کنوں کو کھولنے پر توجہ نہیں دی بلوچستان اور پنجاب کو اس حوالے سے نظر اندازکر دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت اور نگراں حکومت نے ایل این جی اور ایل پی جی کی صنعت کو متعارف کرا کر 4 کھرب روپے کی مضبوط صنعت سی این جی کو تباہ کرنے کی کوشش کی مگر سی این جی مالکان نے اپنے اتحاد سے اسے ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی مالکان صرف 7 فیصد گیس استعمال کرتے ہیں مگر پھر بھی حکمرانوں نے اس صنعت کو جو عوام کی صنعت تھی تباہ کرنے کی کوشش کی۔ ضیا عباس نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کیلئے حکومت نئے ڈیم تعمیر کرے۔ اس کے علاوہ بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے سابقہ حکومت کی بدعنوانی کا احتساب کیا جائے اس کے بغیر لوٹی ہوئی دولت عوام کو واپس نہیں مل سکے گی۔

ای پیپر-دی نیشن