• news

انگریزوں نے ڈیڑھ سو سال میں اتنا نہیں لوٹا‘ 66 برس میں بدعنوان عناصر نے بھارت کو کھوکھلا کر دیا: انا ہزارے

نئی دہلی (ثناءنیوز)معروف سماجی کارکن انا ہزارے نے کہا کہ انگریزوں نے ڈیڑھ سو برس میں جتنا ملک کو لوٹا، اس سے کہیں زیادہ 66 سال میں بدعنوان لوگوں نے اسے کھوکھلا کر دیا۔عوام کے خادم کہے جانے والے لیڈر اور افسر خود کو مالک سمجھ بیٹھے ہیں۔ ایسے بدعنوان لوگوں کو بے دخل کرنے کا وقت آ گیا ہے، جن لوک پال" کی جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک حکومت اسے مان نہیں لیتی۔ سماجی کارکن انا ہزارے نے ہلدوانی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد معاشرے اور ملک کی خدمت کے لئے جینا اور مرنا ہے،کوئی جماعت نہیں بنائیں گے نہ الیکشن لڑیں گے اور نہ کسی کو حمایت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد پیسے اور پاور کی بنا پر سے غنڈے، بدعنوان لوگوں کو ٹکٹ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ اسی لئے آج پارلیمنٹ میں 163 داغدار بیٹھے ہیں۔ انہیں باہر بھگانے کے لئے ہمیں بیدار ہونا ہوگا۔ آئندہ انتخابات میں ووٹ کے ذریعے سبق سکھانے کے لئے پبلک کو ذہن بنانا ہوگا، غلطی ہماری بھی ہے کہ کرپٹ اور غنڈے ہم پر سیاسی جماعتوں نے تھوپے اور ہم نے فتح سے ہمکنار کر کے انہیں پارلیمنٹ تک بھیج دیا۔

ای پیپر-دی نیشن