• news

11 مئی کو لٹیرے بھگائے، اندھیرے بھی جلد ختم کر دینگے:خرم دستگیر خاں

گوجرانوالہ ( نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر خاں نے کہا ہے کہ ملک میں لٹیروں اور اندھیروں کا باب ہمیشہ کے لئے بند ہونے والا ہے، عوام نے 11مئی کو لٹیرے بھگا دیئے،مسلم لیگ ن عنقریب اندھیرے بھی مٹا دے گی،نواز شریف کی جرات،حکمت اور دیانت والی قیادت تاریکیوں کو اجالوں میں بدل کرعظیم تر پاکستان کی منزل حاصل کرے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے رتہ باجوہ سے مسلم لیگی کارکن افضل مغل کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کے مردہ ڈھانچوں میں جان ڈالنے کے لئے مسلم لیگ ن کی ٹیم سچی نیت اور جذبہ حب الوطنی کے تحت کام کرے گی اور انتھک محنت کر کے ملک کا مقدر بدل دے گی،انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی مہم میں انہیں عوام کی جانب سے ملنے والی عوامی پذیرائی ناقابل فرا موش ہے،عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کرکے ملکی ترقی وخوشحالی پر مہر ثبت کردی ،الیکشن میں بری طرح ہارنے والے شدت غم میں مبتلا ہو کر عوامی میندیٹ کی توہین کر رہے ہیں اور بلا ثبوت دھاندلی کا واویلاکرکے ا پنا غم غلط کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، حقیقت یہ ہے کہ عوام کے ہاتھوں پٹے ہوئے ایسے عناصر کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، اس موقع پر طیب مغل،شکیل سرور، جاوید، محمد اسلام، ڈاکٹر اشفاق بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن