• news

حضرت علیؓ کا دور خلافت اور تعلیمات مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہیں

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماءپاکستان الحاج مولانا اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ نظام مصطفےٰ کے نفاذ کے بغیر پاکستان مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکتا۔ مولود کعبہ حضرت سیدنا علی المرتضیٰؓ کا دور خلافت اور تعلیمات مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جامع مسجد نور میں خلیفہ چہارم حضرت سیدنا علی المرتضیٰؓ کی ولادت کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ پیر داﺅد رضوی، مفتی غلام نبی جماعتی، مفتی حسین صدیقی، الحاج سرفرازاحمد تارڑ، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی سعید رضوی، مولانا خالد حسن مجددی، قاری غلام سرور حیدری، قاری اعظم چشتی،حافظ رفیق قادری، قاضی یعقوب رضوی، حافظ آصف اویسی اور دیگر نے خطاب کیا، مولانا اکبر نقشبندی نے مزید کہا کہ فاتح خبیر حضرت سیدنا علی المرتضیؓ نے نہ صرف حق و باطل کے معرکوں میں اپنی شجاعت و بہادر کے جوہر دکھائے بلکہ علم و فضل اور عدل وانصاف میں بھی بے مثال خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؓ شیر خدا کی حیات طیبہ زندگی کے ہر شعبہ میں مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا علی المرتضیٰؓ نے حقانیت کی سربلندی اور باطل کی سرکوبی کیلئے جو کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں وہ تاریخ اسلام کا روشن باب ہیں جب تک دنیا قائم ہے آپؓ کی شجاعت، بہادری، سخاوت اور عدالت و انصاف کے کارنامے زندہ رہیں گے، ملت اسلامیہ کو جبرواستداد کا مقابلہ کرنے کیلئے دامن حیدر کرار کو تھامنا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن