حکومت نے پرامن انتخابات کرا کر عوام سے کیا وعدہ پورا کر دیا: زرداری
کراچی (این این آئی+آن لائن) صدرآصف علی زرداری سے صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاﺅس میں سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک اور سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، سندھ میں حکومت سازی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر نے کہا حکومت نے ملک میں پرامن انتخابات کراکر عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا ہے اور جلد وفاق میں اقتدار منتقل کرنے کا مرحلہ آئین وقانون کے مطابق مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی اور مسائل کے حل کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ ذرائع کے مطابق رحمن ملک نے صدر کو لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔