اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے کلو اضافہ
لاہور (نیوز رپورٹر) ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 180 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 720 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ایل پی جی کمپنیوں نے اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر قیمتوں میں اضافہ کیا جبکہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 50 سے 60 ڈالر فی ٹن کمی متوقع ہے جو کہ 60000 روپے فی میٹرک ٹن بنتا ہے۔ ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے بعد مختلف شہروں گلگت، فاٹا، مظفر آباد، باغ، ناران، پشاور 125 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر1425روپے، راولپنڈی اسلام آباد مری، اٹک، میرپور، جہلم، بہاولپور، رحیم یارخان، ملتان 120 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1366 روپے ، لاہور گوجرانوالہ ، فیصل آباد، سیالکوٹ، گجرات 115 فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1307 روپے، کراچی 110روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 1248 روپے ہو گیا ہے۔ جبکہ آئی این پی کے مطابق چیئرمین ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ اوگرا بلاجواز قیمتوں میں اضافہ واپس لینے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ایل پی جی قیمتوں میں اضافہ اوگرا اور حکومتی نوٹیفکیشن کے بغیر کیا گیا ہے۔ اگر 24 گھنٹوں میں قیمتوں پر قابو نہ پایا گیا تو ہڑتال کا اعلان کریں گے اور خیبر سے کراچی تک ایل پی جی کی سپلائی بند کر دی جائے گی۔ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کا گھیراﺅ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود بڑھا دی گئی۔