کامران‘ وہاب کے چوکے چھکے‘ پاکستان آئرلینڈ سے ہارا ہوا میچ جیت گیا
کامران‘ وہاب کے چوکے چھکے‘ پاکستان آئرلینڈ سے ہارا ہوا میچ جیت گیا
ڈبلن (سپورٹس ڈیسک) آئرلینڈ کرکٹ ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی باﺅلنگ اور بیٹنگ لائن کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ پہلا میچ ٹائی کرنے کے بعد دوسرے میں پاکستان بلے بازوں اور باﺅلرز کے ہوش اڑا دیئے تاہم پاکستان میچ جیت کر سیریز جیتنے میں کامیاب ہو گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ آئرش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔ ایڈجوائس نے شاندار سنچری سکور کی اور 118 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ کپشان پوٹ فیلڈ ایک، پہلے میچ میں سنچری سکور کرنے والے پال سٹرلنگ صفر، اوبرائن 29، وکٹ کیپر ولسن 5، کیون اوبرائن 38، شینن 2، جانسٹن ایک، کیوسک صفر، مرتاغ 8 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ ڈاکٹریل 3 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ عبدالرحمان نے 48 رنز کے عوض 4، جنید خان نے 59 رنز کے عوض 2، اسد علی نے 22 رنز کے عوض ایک، وہاب ریاض نے 45 رنز کے عوض ایک اور محمد حفیظ نے 33 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ شعیب ملک کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا آغاز خوفناک ثابت ہوا۔ 5.2 اوورز میں صرف 8 رنز کے مجموعی سکور پر پہلی وکٹ گری جب عمران فرحت 5 رنز بنا کر کیچ دے بیٹھے۔ دوسری وکٹ 10 رنز پر گری جب ناصر جمشید صفر پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 13 کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ 2 رنز بنا کر چلتے بنے۔ 17 کے مجموعی سکور پر چوتھی وکٹ گری جب اسد شفیق 4 رنز بنا کر کیچ آﺅٹ ہوئے۔ 60 کے مجموعی سکور پر پانچویں وکٹ گری جب کپتان مصباح الحق 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک اور کامران اکمل نے سکور کو 112 رنز تک پہنچایا تو شعیب ملک 43 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 133 کے مجموعی سکور پر ساتویں وکٹ گری جب عبدالرحمن 7 رنز بنا کر کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ وہاب ریاض نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی کشتی کو پار لگا دیا۔ انہوں نے 35 گیندوں پر 47 ناٹ آﺅٹ رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل تھے۔ جنید خان 2 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ کامران اکمل کو مین آف دی میچ اور کیون اوبرائن کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ سیریز کے بعد قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے انگلینڈ روانہ ہو جائے گی جہاں ایونٹ سے قبل پریکٹس میچز میں حصہ لے گی۔