ون ویلنگ اور موٹرسائیکل سواروں کے خطرناک کرتب، پولیس بے بس
لاہور (نامہ نگار) موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جب کہ پولیس ون ویلنگ کو روکنے میں بری طرح ناکام رہی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کی مختلف سڑکوں پر گزشتہ روز نوجوان موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کرتے رہے۔ کینال روڈ، جیل روڈ، شاہراہ قائداعظم، مین بلیوارڈ گلبرگ، ڈیفنس، کیولری گراﺅنڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ نوجوان لڑکے ٹولیوں کی صورت میں موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرتے دکھائی دیئے۔ پولیس اس کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی جب کہ پولیس کی طرف سے موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے شہر کی بڑی سڑکوں پر اس خطرناک کھیل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ون ویلروں منچلوں کی جانب سے فیملیز سے بدتمیزی اور خواتین سے چھیڑ خانی کرنے کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔ شاہراہ قائداعظم پر ریگل چوک کے قریب دو نوجوان ناصر اور عتیق، خواتین وفیملیز کے ساتھ چھیڑ خانی کر رہے تھے جس پر لوگوں نے پکڑ کر پٹائی کے بعد محافظ سکواڈ پولیس کے حوالے کر دیا۔