• news

چینی وزیراعظم کے دورہ کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات ہوں گے: پیاف

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ(پیاف) نے کہا ہے کہ چینی وزیراعظم کے حالیہ دورہ کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ چین کے ساتھ اقتصادی تعاون کے سمجھوتوں کی وجہ سے تاجر برادری کے مورال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے کہا کہ پاک چین اقتصادی تعاون پر پہلے ہی عمل ہو رہا ہے لیکن چینی وزیراعظم نے اقتصادی روابط اور دوطرفہ تعاون میں مزید اضافہ کا عندیہ دیا ہے جس سے ملک کی اقتصادی ترقی میں نمایاں بہتری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے معاہدے سے بجلی کے بحران پر قابو پایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ کئے جانے والے معاہدوں پر جنگی بنیادوں پر کام کیاجائے تاکہ ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ توانائی کے مسائل کی وجہ سے ملک کا صنعتی شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے خاتمہ سے شعبہ میں کی جانے والی سرمایہ کاری کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری چینی وزیراعظم کے حالیہ دورہ کا خیر مقدم کرتی ہے اور توقع رکھتی ہے کہ اس موقع پر کئے جانے والے دوطرفہ تعاون کے معاہدوں پر عملدرآمد کویقینی بنا کر ملک کی اقتصادی ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جاسکے گا جبکہ صنعتی وکاروباری برادری حکومت کو اس حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن