شارٹ ٹرم اقدامات سے لوڈ شیڈنگ کو50 فیصد تک کم کیا جا سکتا ہے: پاکستان انجینئرز انرجی فورم
اسلام آباد (اے پی پی) شارٹ ٹرم اقدامات کے ذریعے لوڈ شیڈنگ کو50 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے جبکہ بارہ ماہ کے دوران لوڈ شیڈنگ کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان انجینئرز انرجی فورم (پی ای ای ایف) کے چیئرمین محسن سید نے کہا کہ اس وقت ملک کو 10 ہزار میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے جن میں سے ڈسٹری بیوشن نقصان 30 فیصد کے برابر ہے جو چار ہزار میگاواٹ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس آئل سے30 روپے فی یونٹ بجلی پیداکرکے 15 روپے فی یونٹ پر فروخت کرنے کی وجہ سے سرکلر ڈیٹ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس کو 2 ہزار ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی سے 6 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔