بھارت جاپان سے فوجی طیارے خریدے گا معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے
ٹوکیو (اے ایف پی) جاپان جلد بھارت کو ایسے فوجی طیارے فروخت کرنے کے معاہدے پر دستخط کرے گا جو خشکی کے علاوہ پانی میں بھی لینڈ اور پرواز کر سکتے ہیں۔ ہتھیاروں کی برآمد پر عائد پابندی کے بعد جاپان کی جانب سے کسی ملک کو فوجی سامان کی فروخت کا یہ پہلا معاہدہ ہو گا۔ یو ایس ٹو نامی یہ طیارہ ان دنوں جاپانی فوج کے زیراستعمال ہے۔ بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کے آج سے شروع ہونے والے جاپان کے چار روزہ دورے کے دوران ان طیاروں کی خریداری پر بات چیت کی جائے گی۔ اس طیارے کی مالیت 9کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہے یہ 4700کلو میٹر تک پرواز کر سکتا اور یہ 9 فٹ بلند سمندری لہروں پر بھی لینڈ کر سکتا ہے۔ جاپانی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ جاپان نے 1967ءسے خود پر ہتھیاروں کی برآمد پر جو پابندی عائد کر رکھی ہے اس قانون پر عمل پیرا رہنے کے لئے اس طیارے کو سویلین استعمال کے قابل بنانا ہو گا۔ بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ بدھ کو جاپانی وزیراعظم شند وابے سے ملاقات کرینگے۔ اس ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔