• news

بھارت اور ایران کے کھلاڑیوں کو شکست‘ محمد آصف نے ایشین سنوکر چیمپئن شپ جیت لی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے عالمی سنوکر چیمپئن محمد آصف نے دوسری 6 ریڈ بال ایشین سنوکر چیمپئن شپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ایشین ٹائٹل بھی جیت لیا۔ قطر کے شہر دوحہ میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد آصف نے سیمی فائنل میں بھارتی اور فائنل میں ایران کے کھلاڑی کو شکست سے دوچار کیا۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد آصف نے بھارت کے لکشمن راوت کو چھ دو سے مات دی۔ آصف کی فتح کا سکور (61-06, 71-00, 37-31, 27-31, 36-09, 01-68, 58-08, 42-30) رہا۔ چیمپئن شپ کے فائنل میں محمد آصف کا مقابلہ ایران کے عامر سے ہوا جس میں محمد آصف نے سخت مقابلے کے بعد 7-4 سے کامیابی اپنے نام کر کے ٹائٹل جیت لیا۔ محمد آصف کی فتح کا سکور (43-00, 48-00, 48-12, 12-36, 30-34, 34-31, 40-09, 00-41, 00-41,54-04, 41-13) رہا۔ ایشین چیمپئن محمد آصف کا کہنا تھا کہ میری کامیابی میں والدین اور قوم کی دعائیں شامل ہیں۔ دریں اثناءپاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیائ، سیکرٹری آصف باجوہ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چودھری ذکاءاشرف، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن نے محمد آصف کو کامیابی پر مبارکباد دی۔ 

ای پیپر-دی نیشن