• news

ہاکی ورلڈ لیگ کیلئے تربیتی کیمپ کل ایبٹ آباد میں شروع ہو گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ملائیشیا میں اگلے ماہ ہونے والی ہاکی ورلڈ لیگ کی تیاری کے لئے پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کل سے ایبٹ آباد میں شروع ہوگا۔ 26 کھلاڑی چیف کوچ و منیجر اختر رسول کو رپورٹ کرینگے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی تیاری کے لئے دو مراحل میں شیڈول کا اعلان کیا۔ پہلا مرحلہ ایبٹ آباد میں مکمل کیا جائے گا جبکہ دوسری مرحلے میں قومی کھلاڑی کراچی کے ہاکی کلب میں رپورٹ کر کے تیاری کرینگے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم مینجمنٹ کی سفارش پر کیمپ میں بلائے گئے 26 کھلاڑیوں میں عمران شاہ، عمران بٹ، محمد عمران، ایم رضوان سینئر، فرید احمد، راشد محمود، محمد وقاص، شفقت رسول، عبدالحسیم خان، محمد عتیق، وسیم احمد، محمد کاشف علی،شکیل عباسی، محمد عرفان، ایم سلمان حسین، طلال خالد، سید سبطین رضا، عامر شہزاد، محمد عمران جونیئر، مزمل اسحاق بھٹی، عاشف علی، ارسلان قادر، محمد زبیر، زوہیب اشرف، یاسر شبیر اور ایوب علی شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ کو 2014ءکے عالمی کپ تک کے لیے برقرار رکھا ہے جس میں چیف کوچ و منیجر اختر رسول، حنیف خان اور اجمل لودھی معاون کوچ، ارشد حسین گول کیپنگ کوچ، عدنان ذاکر ٹرینر و نیوٹریشن، فیض الرحمان فزیو جبکہ پی ایچ ایف کنسلٹنٹ طاہر زمان شامل ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن